
پاکستان اور انڈیا نے ایک دوسرے کے طیاروں پر فضائی حدود کے استعمال کی پابندی میں توسیع کر دی ہے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، انڈین رجسٹریشن یا ملکیت والے تمام مسافر اور فوجی طیاروں پر 24 جون کی صبح 4 بج کر 59 منٹ تک پاکستانی فضائی حدود میں داخلے پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
دوسری جانب انڈیا نے بھی اسی انداز میں پاکستانی طیاروں پر اپنی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی، جو 23 جون تک نافذ رہے گی۔ اس پابندی سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان پروازیں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ بین الاقوامی فضائی روٹس پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے۔
اس سے قبل دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی فضائی حدود میں بندش کا فیصلہ پہلگام حملے کے بعد بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں کیا تھا۔
دونوں ممالک کے درمیان عسکری تصادم بھی دیکھنے میں آیا تاہم 10 مئی کے بعد جنگ بندی ہو گئی تھی۔ سیزفائر کے باوجود سفارتی تعلقات میں بہتری کی کوئی ٹھوس پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات نہ صرف اقتصادی نقصان کا سبب بن رہے ہیں بلکہ خطے میں امن و امان کی فضا کو مزید بگاڑ سکتے ہیں۔