0

امید ہے آئی ایم ایف سے جلد نیا معاہدہ ہوجائے گا، وفاقی وزیر خزانہ نے بیان جاری کردیا

واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے فوری معاہدہ چاہتا ہے، امید ہے جلد نیا معاہدہ ہوجائے گا۔ آئی ایم ایف سے بات چیت شروع ہو چکی ہے اور پروگرام کے طریقہ کار پر اتفاق اور عمل درآمد ہونا باقی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے بڑے بیل آؤٹ پیکج کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ تاکہ پاکستان کی معیشت بحال ہو سکے، امید ہے کہ جلد نیا معاہدہ طے پا جائے گا۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ ایف بی آر اور ٹیکس وصولی کے نظام میں ضروری اصلاحات کی جا رہی ہیں، مزید لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف مشن کی پاکستان آمد پر مذاکرات تعمیری تھے، معاشی پالیسیوں میں تسلسل ضروری ہے، ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے لیے ہمیں 2 سے 3 سال درکار ہوں گے۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس نظام میں ٹیکنالوجی کا استعمال زیر غور ہے، ٹیکس نظام میں شفافیت کے لیے ڈیجیٹائزیشن ضروری ہے، ہمیں اپنے اخراجات کم کرنے ہوں گے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ کچھ صوبوں نے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بہترین کام کیا ہے، سرکاری اور نجی منصوبوں کے ذریعے استحکام لایا جا سکتا ہے، ہمیں پہلے سے موجود پالیسیوں پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں ون ونڈو آپریشن کو فعال کرنا ہوگا اور غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں میں بے پناہ امکانات موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں