
پاکستان کی معروف کوہ پیما نائلہ کیانی نے ماؤنٹ کنچن جنگا (8586 میٹر) کو سر کر کے 8000 میٹر سے بلند دنیا کی 12 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
یہ کامیابی نہ صرف نائلہ کیانی کے ذاتی عزم کا ثبوت ہے بلکہ پاکستان کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ ہے۔ یہ چوٹی دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی ہے اور اسے سر کرنا انتہائی مشکل مرحلہ سمجھا جاتا ہے۔
نائلہ کیانی کا کہنا تھا کہ یہ صرف میری ذاتی کامیابی نہین بلکہ پاکستان اور دنیا بھر کی ہر لڑکی اور عورت کے لیے یہ پیغام ہے کہ آپ اپنی سوچ سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں۔
ان کا یہ کارنامہ اب انہیں دنیا کی ان 20 سے بھی کم خواتین کے قریب لے آیا ہے جنہوں نے تمام 14 آٹھ ہزار میٹر بلند چوٹیاں سر کی ہیں۔
الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری قرار حیدری نے نائلہ کیانی کو اس عظیم الشان کامیابی پر مبارکباد دی۔
نائلہ کیانی اس سے پہلے ایورسٹ، کے ٹو، نانگا پربت، براڈ چوٹی، اناپورنا، گاشربرم اول و دوم، مناسلو، مکالو، لوٹسے اور چو اویو سر کر چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے اور میں شکر گزار ہوں، لیکن یہ سفر ابھی جاری ہے۔