پاکستانتازہ ترین

پاکستان اور انڈیا کا سرحدی علاقوں سے اضافی فوج کی واپسی پر اتفاق

انڈیا نے اٹاری بارڈر پر جھنڈا اتارنے کی روایتی تقریب کو بھی دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان اور انڈیا نے حالیہ کشیدگی کے بعد لائن آف کنٹرول اور دیگر سرحدی علاقوں سے اضافی افواج کو مئی کے اختتام تک واپس بلانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس پیشرفت کو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ان دو ہمسایہ ایٹمی طاقتوں کے مابین جو حالیہ ہفتوں میں شدید کشیدگی سے گزر چکی ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا آغاز 22 اپریل کو کشمیر میں سیاحوں پر حملے کے بعد ہوا تھا۔ انڈیا نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا، جب کہ پاکستان نے الزامات کی سختی سے تردید کی۔ بعض ازاں دونوں ممالک نے بڑھتی کشیدگی کے پیشِ نظر سرحد پر بھاری تعداد میں افواج تعینات کی تھیں۔

ایک پاکستانی سیکیورٹی اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ دونوں ممالک نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ ایل او سی پر تعینات کی گئی اضافی افواج اور ہتھیاروں کو مرحلہ وار پرانی، یعنی امن کی حالت والی پوزیشنز پر واپس بلایا جائے گا۔

یہ فیصلہ گزشتہ انڈین فوج کے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ دونوں فریقین نے سرحدوں اور اگلے مورچوں سے فوجی کمی کے فوری اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔ ابتدا میں طے شدہ مدت 10 دن تھی، تاہم انتظامی پیچیدگیوں کے سبب اس میں تاخیر ہوئی۔

ادھر انڈیا نے اٹاری واہگہ بارڈر پر جھنڈا اتارنے کی روایتی اور علامتی تقریب کو دوبارہ شروع کرنے کا بھی اعلان کر دیا ہے، جو حالیہ کشیدگی کے باعث معطل کی گئی تھی۔ انڈین بارڈر سیکیورٹی فورس کے مطابق منگل کو میڈیا کے لیے تقریب کھلی رہی، جب کہ بدھ سے عام شہریوں کو بھی شرکت کی اجازت دے دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 7 مئی کو انڈیا نے پاکستان پر میزائل حملے کیے تھے، جس کے جواب میں پاکستان نے نہ صرف میزائل داغے بلکہ رافیل طیارے سمیت انڈیا کے پانچ جنگی طیارے مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button