0

پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دینے کا حکم دے دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو شرائط عائد کرنی ہیں وہ پوری کریں، کسی کا اسمبلی کا حق نہیں چھینا جا سکتا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ سب نے میٹنگز کی ہیں، انتظامیہ قواعد و ضوابط اور شرائط طے کرے۔پی ٹی آئی کے وکیل رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ ہم اب 6 اپریل کو اسلام آباد میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ آپ صرف اس بات کا خیال رکھیں کہ ہنگامہ نہ ہو۔حکومتی وکیل نے کہا کہ گزشتہ روز دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ ہوا، جس پر عدالت نے کہا کہ زندگی ٹھہرتی نہیں، چلتی رہتی ہے، ہمیں اسی طرح دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے۔سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے ہدایات لینے کے لیے وقت دیا جائے، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ میں آپ کی رضامندی نہیں مانگ رہا، فیصلہ مجھے کرنا ہے۔عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں