
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ پاک بحریہ نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو وہ قیامت تک یاد رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے حالیہ کشیدگی کے دوران بھرپور پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
وہ ایک روزہ دورہِ کراچی کے دوران کراچی ڈاک یارڈ میں پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ نے نہ صرف دشمن کے خلاف دفاعی تیاری کا شاندار مظاہرہ کیا بلکہ دشمن کے ارادوں کو قبل از وقت بھانپتے ہوئے ایسی بھرپور دفاعی حکمت عملی اپنائی جس نے انڈیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کا جدید ترین ایئرکرافٹ کیریئر 400 ناٹیکل میل دور رہنے پر مجبور رہا، جبکہ پاک بحریہ کی سب میرین اور دیگر یونٹس پوری طرح الرٹ اور مستعد رہیں۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سمندری حدود، قومی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دوارکا آپریشن کی تاریخ نے خود کو دہرایا اور دشمن ایک بار پھر حیرت، شرمندگی اور ناکامی کا شکار ہوا۔ انہوں نے پی این ایس مہران کے شہداء، خصوصاً لیفٹیننٹ یاسر عباس شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جوان قوم کے تحفظ کیلئے ہر وقت جان نچھاور کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم تمام حل طلب مسائل کا پر امن حل چاہتے ہیں لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو دشمن ہمیں ہمیشہ تیار پائے گا، پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج دشمن کی ہر جارحیت کا جواب دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور وفاقی وزیر برائے تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔