اوورسیزتازہ ترینلائف سٹائل

اہرامِ گیزا کے عالمی ورثے کی بقا کے لیے مصر کا بڑا منصوبہ

گزشتہ سال ایک کروڑ 75 لاکھ سیاحوں نے اہرامِ گیزا کا دورہ کیا، جس سے ان یادگاروں کی حفاظت اور سیاحوں کے تجربے کو خطرات لاحق ہوئے۔

مصر نے اہرامِ گیزا اور دیگر قدیم اہراموں کے تحفظ کے لیے 51 ملین ڈالر کے منصوبے کا اعلان کیا ہے، جو دنیا کے سب سے زیادہ وزٹ کیے جانے والے سیاحتی مقامات میں شامل ہیں۔

حکام کے مطابق 2024 میں تقریباً ایک کروڑ 75 لاکھ افراد نے اہرامِ گیزا کا دورہ کیا، اور آئندہ برسوں میں سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ تاہم، بڑھتی ہوئی سیاحت نے ان تاریخی مقامات کی حفاظت اور سیاحوں کے تجربے کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے پیش نظر یہ نیا منصوبہ متعارف کرایا جا رہا ہے۔

مصری حکام نے بتایا کہ منصوبے کے تحت اہرام کے اردگرد نئے راستے بنائے جائیں گے تاکہ سیاحوں کے ہجوم اور ٹریفک کی بھیڑ کو کم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ ایک آن لائن ٹکٹنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ داخلی نظام کو مؤثر بنایا جا سکے اور سیاحوں کی تعداد کو کنٹرول کیا جا سکے۔

ماحولیاتی دباؤ کم کرنے کے لیے حکام نے الیکٹرک بسیں متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ 45 الیکٹرک بسیں پہلے ہی پہنچا دی گئی ہیں، جو پانچ منٹ کے وقفے سے چلیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد فضائی آلودگی اور شور کو کم کرنا ہے تاکہ آثارِ قدیمہ پر پڑنے والے منفی اثرات کو روکا جا سکے۔

مصری حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف تاریخی ورثے کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا بلکہ سیاحوں کے بہتر تجربے کے باعث ان کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ تاہم ماہرین آثار قدیمہ نے خبردار کیا ہے کہ سیاحت کی مسلسل بڑھتی ہوئی رفتار آثارِ قدیمہ کے لیے طویل المیعاد خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔ حکام کے مطابق منصوبے سے مقامی معیشت کو فروغ ملنے کی بھی امید ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button