
ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشیا اور پیسیفک خطے میں خوراکی اور غذائی تحفظ کے فنڈ کو 40 ارب ڈالر تک بڑھا دیا ہے۔ یہ اعلان اے ڈی بی کے صدر، مساتو کانڈا، نے بینک کی سالانہ میٹنگ کے دوران میلان، اٹلی میں کیا۔ یہ اقدام 2022 میں کیے گئے 14 ارب ڈالر کے وعدے میں 26 ارب ڈالر کا اضافہ ہے، جس کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی غذائی قلت اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنا ہے۔
مساتو کانڈا نے کہا کہ غیر معمولی خشک سالی، سیلاب، شدید گرمی اور قدرتی وسائل کا ضیاع زراعتی پیداوار کو متاثر کر رہی ہے اور غذائی تحفظ اور دیہی معاش کو بھی خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ توسیعی امداد ممالک کو بھوک مٹانے، خوراک کے معیار کو بہتر بنانے، اور قدرتی ماحول کی حفاظت میں مدد دے گی، جبکہ کسانوں اور زرعی کاروباروں کے لیے مواقع فراہم کرے گی۔
حال ہی میں اعلان کردہ اضافی 26 ارب ڈالر کی امداد میں، ایشیائی ترقیاتی بینکنے 18 ارب 50 کروڑ ڈالر کی براہ راست مدد حکومتوں کو فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جبکہ نجی شعبے میں 7 ارب 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ 2030 تک خوراکی تحفظ کے لیے مجموعی 40 ارب ڈالر کے پروگرام میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کا حصہ 27 فیصد سے زیادہ ہو۔
اے ڈی بی نے نیچرل کیپیٹل فنڈ کے قیام کا بھی اعلان کیا ہے، جو 150 ملین ڈالر کا مخلوط مالیاتی فنڈ ہوگا۔ یہ فنڈ کسانوں اور زرعی شعبے میں نئے تجربات کرنے والوں کو سپورٹ کرے گا۔ اس فنڈ کو گلوبل انوائرمنٹ فیسیلیٹی اور گلوبل ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیکیورٹی پروگرام کی حمایت حاصل ہے۔
ترقی پذیر ایشیا جہاں دنیا کے نصف سے زیادہ غذائی قلت کا شکار افراد رہتے ہیں کے لیے غذائی تحفظ کے فنڈ میں اضافے کا یہ اقدام اس خطے میں خوراک کے تحفظ کو مضبوط بنانے، ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے، اور زرعی نظام کی بہتری کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
ایشین ڈیولپمنٹ بینک ایک کثیرالجہتی ترقیاتی مالیاتی ادارہ ہے، جو 1966 میں قائم ہوا۔ اس کا مقصد خطے میں اقتصادی ترقی، غربت کے خاتمے، اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔