اوورسیزتازہ ترین

پاکستان اپنی سرزمین پر موجود دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرے، امریکی نائب صدر

امریکا توقع کرتا ہے کہ انڈیا اس دہشت گردی کا جواب اس طرح دے کہ علاقائی کشیدگی نہ بڑھے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے جمعرات کے روز ایک بیان میں کہا کہ واشنگٹن کو توقع ہے کہ پاکستان، انڈیا کے ساتھ مل کر ان شدت پسند عناصر کے خلاف کارروائی کرے گا جو پاکستان کی سرزمین سے مبینہ طور پر سرگرم ہیں۔ وینس کا کہنا تھا کہ انڈیا کو حالیہ دہشت گرد حملے کا ایسا جواب دینا چاہیے جو وسیع تر علاقائی کشیدگی کا سبب نہ بنے۔

انہوں نے مزید کہا، "ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان، جہاں تک وہ ذمہ دار ہے، انڈیا کے ساتھ تعاون کرے گا تاکہ ان دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جا سکے جو بعض اوقات پاکستان میں موجود ہوتے ہیں۔”

یہ بیان 22 اپریل کو انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں ہونے والے مہلک حملے کے بعد امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کو شدت پسندی سے منسلک کرنے کی اب تک کی سب سے واضح کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کی مذمت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے کی تھی، تاہم واشنگٹن نے پاکستان پر براہ راست الزام عائد کرنے سے گریز کیا۔

امریکہ اس وقت دونوں ایٹمی قوتوں، انڈیا اور پاکستان، کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان پر زور دے رہا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی لائیں اور مسئلے کا ذمہ دارانہ حل تلاش کریں۔ انڈیا نے حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے، جب کہ پاکستان اس الزام کی تردید کرتے ہوئے غیرجانبدار تحقیقات کا مطالبہ کر رہا ہے۔

کشمیر کا مسئلہ دونوں ممالک کے درمیان ایک دیرینہ تنازع ہے، جس پر کئی جنگیں بھی ہو چکی ہیں۔ کشمیر پر انڈیا اور پاکستان دونوں مکمل دعویٰ رکھتے ہیں، تاہم دونوں ممالک صرف اپنے زیر انتظام علاقوں پر عملداری رکھتے ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button