
پاکستان میں ایف ایم ریڈیوز پر انڈین گانوں پر پابندی
یہ فیصلہ پہلگام حملے کے بعد انڈیا کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز پر انڈین گانوں کی نشریات پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ حالیہ انڈین اقدامات اور مقبوضہ کشمیر میں جاری کشیدگی کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، عطا اللہ تارڑ نے اس فیصلے کو قومی یکجہتی کا مظہر اور محب وطن اقدام قرار دیتے ہوئے براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کی حمایت کی ہے۔
چند روز قبل مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے میں 26 افراد مارے گئے تھے۔ اس حملے کے بعد انڈین حکومت نے پاکستان پر اس حملے کا الزام لگاتے ہوئے مختلف اقدامات اٹھائے تھے۔ اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے تھے، اور انڈیا نے کئی پاکستانی یوٹیوب چینلز اور مشہور شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، بشمول انسٹاگرام، پر پابندی لگا دی تھی۔ اسی پسِ منظر نے پی بے اے نے انڈین گانوں کا پابندی کا فیصلہ کیا ہے جسے حکومت نے سراہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے ایک سرکاری خط میں کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان کے عوامی جذبات کی نمائندگی کرتا ہے اور قومی یکجہتی کے مضبوط جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔