
پاکستان ہائی کمیشن لندن میں یومِ پاکستان کی شاندار تقریب
میزبانی پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر سارہ نعیم نے کی۔
لندن۔(زاہد خٹک) پاکستان ہائی کمیشن لندن میں یومِ پاکستان کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کی میزبانی پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر سارہ نعیم نے کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی برطانوی وزیرِاعظم کے پاکستان کے لیے تجارتی ایلچی ایم پی محمد یاسین تھے، جبکہ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ریاستی و سرحدی امور، انجینئر امیر مقام نے خصوصی شرکت کی۔
بین الاقوامی شرکت
کامن ویلتھ کی سیکرٹری جنرل شرلی ایورکور بوچوے، بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل ارسینیو ڈومینگیز، برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین، سفارتکار، میئرز، کونسلرز، اور پاکستانی کمیونٹی کے 400 سے زائد نمایاں افراد تقریب میں شریک ہوئے۔
پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات
ایم پی محمد یاسین نے کہا کہ پاکستانی نژاد برطانوی شہری، خصوصاً خواتین، دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی اور کاروباری تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔
یادگار لمحات اور ثقافتی جھلک
تقریب میں معروف شاعر ناصر کاظمی کے صاحبزادے بصیر کاظمی کو ان کے والد کے اعزاز میں نشانِ امتیاز پیش کیا گیا۔
فیشن شو: پاکستانی ثقافت کی جھلک
تقریب کا سب سے دلکش لمحہ برطانوی پاکستانی اسٹائلسٹ عدنان انصاری کا فیشن شو تھا، جس کا عنوان "تھریڈز آف ہیریٹیج: پاکستان کی لازوال خوبصورتی” تھا۔ اس فیشن شو میں پاکستانی ثقافت، روایتی ملبوسات اور ورثے کو اجاگر کیا گیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
روایتی پکوان اور کیک کاٹنے کی تقریب
تقریب کے اختتام پر یومِ پاکستان کی خوشی میں کیک کاٹا گیا اور مہمانوں کی تواضع روایتی پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔
یہ تقریب نہ صرف پاکستانی ثقافت کا جشن تھی بلکہ پاکستان اور برطانیہ کے مضبوط سفارتی اور ثقافتی تعلقات کی عکاس بھی رہی۔
–