
ایف بی آر کے اختیارات میں کمی کے حکومتی فیصلے کا تاجر برادری نے خیر مقدم کیا ہے۔پاکستان بزنس کونسل نے وزیر خزانہ کی جانب سے نیشنل ٹیکس پالیسی یونٹ کے قیام کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ ٹیکس پالیسی اور ٹیکس وصولی کو ایف بی آر سے الگ کرنا ملکی مفاد میں ہے۔پاکستان بزنس کونسل کے ٹویٹر پیغام میں کہا گیا کہ ایوان صنعت و تجارت اور تاجر برادری طویل عرصے سے ٹیکس پالیسی یونٹ کو ایف بی آر سے الگ کرنے کا مطالبہ کر رہی تھی۔ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ وزیر خزانہ کی سربراہی میں ٹیکس پالیسی یونٹ ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرے گا اور توقع ہے کہ وزیر خزانہ جلد ہی پالیسی ایڈوائزری بورڈ تشکیل دیں گے اور بورڈ میں اسٹیک ہولڈرز بھی ہوں گے۔