0

انتخابات کے دوران دہشتگردی کا چیلنج درپیش ہو گا،نگران وزیر داخلہ کاتہلکہ خیز انکشاف سامنے آگیا

کوئٹہ: نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے دوران دہشتگردی کا چیلنج درپیش ہو گا.نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ موجود ہے اور حال ہی میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن جلسے کیے ہیں.انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کیلئے کوئی سیاسی جماعت پسندیدہ نہیں اور ہماری کوشش ہے کہ انتخابات صاف و شفاف ہوں۔دہشتگردی کے واقعات حکومت کے لیے چیلنجنگ ہیں۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور عوام میں دہشتگردی کو شکست دینے کی قابلیت ہے اور حکومت تمام غیرقانونی مقیم تارکین وطن کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک 4 لاکھ سے زائد افغان شہری رضاکارانہ طورپر اپنے ملک جاچکے ہیں اور حکومت کی ترجیح کسی ایک ملک کے شہریوں کے خلاف نہیں ہے۔نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت تمام غیرقانونی مقیم تارکین وطن کے خلاف ہے جبکہ بلوچستان میں سیکیورٹی اور ڈویلپمنٹ کے مسائل سب سے زیادہ اہم ہیں اور ان دو مسائل کے حل کے لیے گڈ گورننس ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس ماضی کی طرح ہی رہی تو بلوچستان کے مسائل حل ہوتے نظر نہیں آتے اور عام انتخابات کے دوران دہشتگردی کا چیلنج درپیش ہو گا۔ انتخابات کے دوران سیاسی سرگرمیوں میں کسی بھی سیاسی رہنما کو نشانہ بنانا آسان ہوتا ہے۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ نگران حکومت مکمل طور پر نیوٹرل ہے اور سیاسی جماعتوں کے آپس کے اختلافات میں نگران حکومت فریق نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں