0

چیئرمین پی ٹی آئی کے بعد اب نواز شریف لاڈلا بن چکا ہے، آصف زرداری

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بعد اب نواز شریف لاڈلا بن چکا ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین صدر آصف علی زرداری نے لاہور میں پنجاب اور لاہور کی قیادت سے ملاقات کی اور انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔شرکا سے اظہار خیال کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بعد اب نواز شریف لاڈلا بن چکا ہے اور عوام لاڈلوں کو نہیں اپنے منتخب نمائندوں کو پسند کرتے ہیں۔آصف زرداری نے کہا کہ ریڈ کارپٹ لاڈلوں کے لیے بچھایا جاتا ہے، ہمارے لیے نہیں، ہم نے کسی اور کے نہیں بلکہ عوام کے دل جیتنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں گھبرانے کی ضرورت نہیں بلکہ ہم کو بھرپور مقابلہ کرنا ہے، لاہور اور پنجاب کے ہر حلقے میں اچھے امیدوار لانے ہیں اور انتخابات جیت کر بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانا ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت امیدواروں کا بھرپور ساتھ دے گی جبکہ بلاول بھٹو زرداری پنجاب کے نو ڈویژن میں کنونشن سے خطاب کریں گے۔دوران اجلاس سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو الیکشن میں ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز کیلئے نامزد کیا گیا اور طے پایا کہ وہ صوبائی و ضلعی عہدے داران کے ساتھ مل کر انٹرویو کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں