
محکمہ موسمیات نے جمعہ کو بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔تاہم مری، گلیات اور گردونواح میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، مستونگ، قلات، چاغی اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم شدید سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ شام/رات کے اوقات میں چند مقامات پر ہلکی بارش/ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ آج کم سے کم درجہ حرارت لیہہ منفی 11، کالام منفی 06 ڈگری، گوپس، استور منفی 04، مالم جبہ اور بگروٹ میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔