0

غزہ پر اسرائیلی حملے، اُشنا شاہ کا ہالی ووڈ اسٹارز کے بائیکاٹ پر زور

اسلام آباد:پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے فلسطین کی نسل کشی اور اسرائیلی حملوں پر خاموش رہنے والی ہالی ووڈ شخصیات کے بائیکاٹ پر زور دے دیا۔اُشنا شاہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی درندگی اور نسل کشی کے خلاف مسلسل آواز اُٹھاتی نظر آرہی ہیں، وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے بےگناہ اور معصوم فلسطینیوں کی آواز بنی ہوئی ہیں۔اداکارہ اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے صارفین میں شعور پیدا کررہی ہیں اور اسرائیل کی منافقت اور جہالت کو پوری دنیا کے سامنے بےنقاب کررہی ہیں۔اب اُشنا شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اُن ہالی ووڈ اسٹارز اور شخصیات کی فہرست پوسٹ کی ہے جو فلسطین کی نسل کشی میں اسرائیل کی حمایت کررہے ہیں اور ظلم کے خلاف آواز نہیں اُٹھا رہے ہیں۔اُشنا شاہ نے اپنی ایکس پوسٹ میں صارفین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “آج سے دُنیا بھر کی مشہور شخصیات کا بائیکاٹ کرنا شروع کریں جو اسرائیل کی دہشتگری کے خلاف خاموش ہیں”۔اداکارہ نے کہا کہ “ہالی ووڈ اسٹارز سے بائیکاٹ کا آغاز کرتے ہیں، میں نے جو فہرست پوسٹ کی ہے اس میں موجود تمام ہالی ووڈ اسٹارز کو سوشل میڈیا سے اَن فالو کریں اور یہ عہد کریں کہ آپ ان کی کوئی فلم نہیں دیکھیں گے، نہ ان کے گانے سُنیں گے اور نہ ہی ان کی کوئی پراڈکٹ خریدیں گے”۔اُنہوں نے کہا کہ “ان کا مکمل بائیکاٹ کریں کیونکہ آپ ہی اسٹارز کی طاقت ہیں، آپ کے اس اقدام سے بہت فرق پڑے گا”۔اُشنا شاہ نے مزید کہا کہ “فہرست میں کچھ نام ایسے ہیں جنہیں آپ پہچانتے ہوں گے جبکہ کچھ کے بارے میں آپ کو معلوم نہیں ہوگا لیکن آپ مکمل فہرست دیکھیں اور ایک ایک کرکے تمام شخصیات کا بائیکاٹ کریں”۔واضح رہے کہ غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 12 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جن میں 4 ہزار 324 بچے اور 2 ہزار 823 خواتین شامل ہیں جبکہ حماس کی کارروائیوں میں مارے گئے اسرائیلیوں کی تعداد تقریباً 1,600 ہوگئی۔یاد رہے کہ غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں تاریخی اہمیت اور قومی ورثے کی حیثیت کی حامل 4 مساجد سمیت اب تک 59 مساجد شہید ہوچکی ہیں جبکہ سوا سو سے زائد مساجد کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں