0

اوشین گیٹ نے تمام سرگرمیاں معطل کردیں

اسلام آباد:بحر اوقیانوس میں ٹائی ٹینک کا ملبہ دکھانے کیلئے سمندر کی تہہ میں جانے والی آبدوز ’ٹائٹن‘ کی ملکیتی کمپنی ’اوشین گیٹ‘ نے تمام سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔اوشین گیٹ نے اپنی ویب سائٹ پر جاری مختصر پیغام میں کہا ہے کہ ’اوشین گیٹ نے تمام ایکسپلوریشن اور کمرشل آپریشنز کو معطل کر دیا ہے۔‘دوسری جانب کمپنی کی ویب سائٹ پر اب بھی مہمات کی نمایاں ریلیز کے ساتھ ساتھ ٹائی ٹینک کے ملبے کے دورے سمیت دیگر مہم کی پیش کشوں کی تفصیل بھی شامل ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ٹائی ٹینک کا ملبہ دکھانے کیلئے سمندر کی تہہ میں جانے کے سفر کے دوران آبدوز ’ٹائٹن‘ پھٹ گئی تھی۔آبدوز ’ٹائٹن‘ 18 جون کو ٹائی ٹینک کی طرف غوطہ لگانے کے تقریباً 1 گھنٹہ 45 منٹ بعد ہی ممکنہ طور پر تباہ ہوگیا تھا۔حکام نے 22 جون کو تصدیق کی کہ ٹائٹن کو تباہ کن حادثے کا سامنا کرنا پڑا۔اس حادثے میں آبدوز میں سوار تمام 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جس میں کمپنی کے سی ای او اسٹاکٹن رش بھی شامل تھے، حادثے میں دو پاکستانی شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد بھی جاں بحق ہوئے تھے۔کمپنی نے سمندر کی سطح سے تقریباً 12,500 فٹ نیچے ٹائی ٹینک کی 111 سال پرانی باقیات کے لیے ٹائٹن آبدوز پر فی کس ڈھائی لاکھ ڈالر وصول کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں