
چیمپئینز ٹرافی؛ افغان ٹیم کیخلاف میچ کا بائیکاٹ مسئلے کا کوئی حل نہیں
انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے میچ کے دوران افغان ٹیم کا بائیکاٹ کرنا مسئلے کا حل نہیں اور ہم میگا ایونٹ کے دوران ان کے خلاف کھیلیں گے۔رواں ماہ کے آغاز میں 160 سے زائد برطانوی سیاست دانوں نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے آئندہ ماہ پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں افغانستان کرکٹ ٹیم کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔2021 میں افغانستان سے امریکی انخلاء کے بعد طالبان کی اقتدار میں واپسی کے بعد ویمز ٹیم پر گیمز میں شرکت پر پابندی عائد ہے جس کے خلاف افغانستان کرکٹ بورڈ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے دباؤ کا بھی سامنا ہے۔ انگلینڈ کی مردوں کی ٹیم 26 فروری کو لاہور میں افغانستان سے ٹکرائے گی۔تاہم اس حوالے سے گزشتہ روز انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ ایسے سیاسی حالات سے نکلنے کا راستہ مذاکرات ہی ہے تاہم میں نہیں سمجھتا کہ افغان ٹیم کے خلاف میچ کا بائیکاٹ مسئلے کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2003 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ کے ساتھ بھی ایسی ہی صورتحال پیدا ہوئی جب سابق کپتان ناصر حسین کی ٹیم نے رابرٹ موگابے کی قیادت میں زمبابوے کے خلاف اپنے میچ کا بائیکاٹ کیا جس کے بعد ہمیں دنیا بھر سے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ .جوس بٹلر نے کہا کہ ماہرین اور سیاست دانوں کو مسئلہ ہے کہ وہ اس کو کیسے دیکھتے ہیں لیکن بطور کھلاڑی ہم میچ کا بائیکاٹ اور سیاست کے ذریعے کرکٹ کا ماحول خراب نہیں کرنا چاہتے۔