149

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ کشمیری بہن بھائیوں کو گزشتہ دو سالوں سے جس جبرواستبدار اور بربریت کا سامنا ہے اس کے خلاف پوری پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے

فیصل آباد :زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ کشمیری بہن بھائیوں کو گزشتہ دو سالوں سے جس جبرواستبدار اور بربریت کا سامنا ہے اس کے خلاف پوری پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں یونیورسٹی کے آفس آف سینئر ٹیوٹر اور شعبہ تعلقات عامہ و مطبوعات کے زیراہتمام یکجہتی واک سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جس جرات کے ساتھ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی اور وزیراعظم خود کو کشمیریوں کا سفیر قرار دیتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی استحصال کے خاتمے تک پوری قوم اپنے محصور کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریلی کا اہتمام یونیورسٹی کے کلاک ٹاور پر کیا گیا تھا جہاں سے شرکاء ایک جلوس کی شکل میں ایڈمنسٹریشن بلاک کی طرف کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگاتے ہوئے رواں دواں رہے اور پورے 9 بجے یونیورسٹی میں سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کے لئے مکمل خاموشی اختیار کی گئی۔

ریلی میں یونیورسٹی کے رجسٹرار طارق محمود گل، کنٹرولر امتحانات انعام قادر خاں، سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر عبدالنوید، پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ و مطبوعات پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف، ڈائریکٹر گریجوایٹ سٹڈیز ڈاکٹر فیصل اعوان، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر شہباز طالب ساہی، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر کے علاوہ انتظامی و تدریسی سٹاف نے بڑی تعداد میں شریک تھی۔
علاوہ ازیں یونیورسٹی کی تمام کلیہ جات اور سب کیمپسز میں بھی یوم استحصال کشمیر اس جذبے اور عزم کے ساتھ منایا گیا کہ کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم اور انہیں استحصالی قوتوں کے چنگل سے نجات دلانے کے لئے پاکستانی قوم وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہر سطح پر آواز بلند کرے گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی امنگوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں