90

عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر کو 10ارب ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا اعلان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک )چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان پر 10ارب روپے ہرجانے کا مقدمے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ان چوروں کو خوش کرنے کے لیے فارن فنڈنگ کیس اور توشہ خانہ میں میرا نام لیا۔عمران خان نے کامونکی میں مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک دن میں زیادہ سے زیادہ 12 کلومیٹر کا سفر طے کر سکتے ہیں، لوگوں کی محبت اتنی ہے، اتنا جنونی استقبال ہے کہ ہم ایک دن میں 10 سے 12 کلومیٹر سے زیادہ آگے نہیں جا سکتے۔انہوں نے کہا کہ یہ امپورٹڈ حکومت اور اس کے سہولت کار ٹی وی کوریج بند کر رہے ہیں، لوگوں اور پاکستان کے عوام کو اسلام آباد کی طرف بڑھتے دیکھنے سے روک رہے ہیں لیکن کوئی فکر کی بات نہیں ہے لیکن ہم سوشل میڈیا کی وجہ سے ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ لوگوں کو اپنے موبائل فون پر نظر آ رہا ہے کہ یہ انقلاب کتنی تیزی سے اسلام آباد کی طرف آ رہا ہے۔عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تمہارے سے بڑا دو نمبر آدمی کبھی الیکشن کمیشن میں نہیں بیٹھا، یہ شریف خاندان کے گھر کا نوکر ہے اور دوسرا اس کو پیچھے سے بھی ہدایات آ رہی ہیں، مجھے معلوم ہے کہ اس کو پیچھے سے کون اکسا رہا ہے کیونکہ اس گیدڑ میں تو دم ہی نہیں تھا یہ کرنے کا۔انہوں نے کہا کہ میں اس پر 10ارب روپے ہرجانہ کرنے لگا ہوں، اس نے ان چوروں کو خوش کرنے کے لیے جو فارن فنڈنگ کیس اور توشہ خانہ میں میرا نام لیا، تو میں اس پر 10ارب کا ہرجانہ کررہا ہوں، میں یہ اس لیے کررہا ہوں کیونکہ اس نے میری دیانت داری پر سوال اٹھایا، میں یہ چیلنج کرتا ہوں کہ جب بھی عدالت میں کیس لگے گا تو اگر ایک بھی غیرقانونی چیز میں نے کی ہوئی تو میں عدالت کے فیصلے کا انتظار نہیں کروں گا، خود چھوڑ دوں گا۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ سکندر سلطان میں جب تک عدالت میں کھڑا کرکے تم سے پیسے نکلواؤں گا اور وہ پیسے شوکت خانم کو دوں گا تاکہ تم آگے کسی کے کہنے پر لوگوں کی ساکھ اس طرح نہ برباد کرو۔انہوں نے ضمنی انتخاب میں کرم میں کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف یہ سارے چوروں کا ٹولہ ایک طرف تھا اور میں آپ کو سلام کرتا ہوں کہ میں نے دگنی لیڈ سے انہیں پھینٹا لگایا۔ان کا کہنا تھا کہ اب ان لوگوں کو پیغام دے رہا ہوں جنہوں نے اس چوروں کے ٹولے کو ہمارے اوپر مسلط ہونے دیا، میں بڑے ادب سے آپ کو پیغام دے رہا ہوں کہ اللہ کا واسطہ ہے قوم کی آواز سن لو، سن لو قوم کدھر کھڑی ہے۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ کبھی دنیا کی تاریخ میں سنا ہے کہ میں آٹھ الیکشن سے میں اکیلا کھڑا ہوتا ہوں اور ساری جماعتیں مل کر میرے خلاف کھڑی ہوتی ہیں، آٹھ میں سے سات الیکشن جیتتا ہوں جو عالمی ریکارڈ ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں جو پیپلز پارٹی جیتی تو پیپلز پارٹی دھاندلی، ریاستی مشینری کے بغیر آج ایک الیکشن نہیں جیت سکتی۔ان کا کہنا تھا کہ میں آج ان سب کو پیغام دینا چاہتا ہوں جن کے پاس طاقت ہے، میں شہباز شریف تم کو نہیں بلکہ ان کو پیغام دے رہا ہوں جنہوں نے تم کو اوپر بیٹھنے کی اجازت دی کہ آج بھی دیکھ لیں قوم کھڑی کدھر ہے، کبھی عوام کے خلاف ملکی اسٹیبلشمنٹ کھڑی نہیں ہوتی، کیونکہ عوام اور فوج مل کر ملک کر مضبوط کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ ان کے ساتھ نہ کھڑے ہوں، جو بھی ان کے ساتھ ملے گا وہ انہی کے ساتھ رنگا جائے گا، لوگ ان سے نفرت کرتے ہیں اور ہم پاکستانی قوم بھیڑ بکریاں یا گائے بھینسیں نہیں ہیں، ہم انسان ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ نے تمہیں نیوٹرل ہونے کی اجازت نہیں دی، چوروں کے ساتھ کھڑے ہو کر ہمیشہ ذلیل ہو یا حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہو۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں پھر کہہ رہا ہوں کہ یہ ملک تب تگڑا ہو گا جب ملک کے ادارے مضبوط ہوں گے، ملک کے ادارے تب مضبوط ہوتے ہں جب قوم ملک کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے، اگر قوم ایک طرف ہے اور ادارہ دوسری طرف ہے تو کوئی ادارہ کام نہیں کر سکتا، ملک کی طاقت مضبوط اداروں میں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں