اسلام آباد؛پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں دھرنوں اور احتجاج کی بار بار کالز کے تناظر میں وفاقی حکومت نے اسلام آباد پولیس کی نفری بڑھانے اور مزید بھرتیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد پولیس کے لیے مزید 1934 آسامیاں بنانے کی منظوری دے دی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ان آسامیوں کی تخلیق کی سمری کی منظوری دی۔اسے وزیراعظم کو بھجوایا گیا جسے منظور کرلیا گیا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مینجمنٹ سروسز ونگ نے اس سمری سے اتفاق کیا۔ ان نئی اضافی پوسٹوں میں 24 انسپکٹرز، 50 سب انسپکٹرز، 100 اے ایس آئیز، 180 ہیڈ کانسٹیبلز اور 1580 کانسٹیبل شامل ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر مینجمنٹ سروسز ونگ فرحان اسلم نے سیکشن آفیسر وزارت داخلہ عائشہ جاوید کو خط کے ذریعے سمری کی منظوری سے آگاہ کیا ہے۔
