
اینڈری رسل کا انٹرنیشنل کرکٹ سے الوداعی اعلان — ویسٹ انڈیز کا شاندار آل راؤنڈر اگلے ہفتے آخری بار میدان میں اُترے گا
جمیکا:
ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج آل راؤنڈر اینڈری رسل نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 37 سالہ رسل آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو میچز کھیل کر اپنے شاندار کیریئر کا اختتام کریں گے۔
ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان 5 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 20 سے 28 جولائی کے درمیان شیڈول ہے، جس کا دوسرا میچ 22 جولائی کو رسل کے ہوم گراؤنڈ سبینا پارک، جمیکا میں کھیلا جائے گا — جو ان کے انٹرنیشنل کیریئر کا آخری میچ ہوگا۔
اینڈری رسل نے اپنے بیان میں کہا:
"ویسٹ انڈیز کے لیے کھیلنا میرے لیے ایک اعزاز سے کم نہیں۔ اس جرسی کو پہننا ہمیشہ میرے لیے فخر کی بات رہی ہے۔”
2009 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھنے والے رسل نے 2019 کے بعد صرف ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ٹیم کی نمائندگی کی۔ انہوں نے 84 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں حصہ لیا، جس میں اپنی دھواں دار بیٹنگ اور خطرناک باؤلنگ سے دنیا بھر میں شائقین کے دل جیتے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے رسل کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا:
"15 سال تک آپ نے ویسٹ انڈیز کی شان کے لیے دل اور جذبے سے کھیلا، ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔”
رسل کی ریٹائرمنٹ سے ویسٹ انڈیز کرکٹ ایک تجربہ کار آل راؤنڈر سے محروم ہو جائے گی، تاہم ان کی یادگار پرفارمنس اور دلیرانہ کھیل ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔