اوورسیزپاکستانتازہ ترین

خواتین کے لیے خوشخبری: سعودی عرب نے محرم کی شرط ختم کر دی، حج انتظامات مثالی قرار

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب نے خواتین حاجیوں کے لیے محرم کی شرط ختم کر دی ہے۔ اس تاریخی اقدام کے بعد خواتین انفرادی طور پر بھی حج کی سعادت حاصل کر سکیں گی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں وزیر مذہبی امور نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2025ء کا حج نہایت کامیاب رہا، اور اس کی شاندار تنظیم اور سہولیات پر پاکستان کو سعودی حکومت کی جانب سے "ایکسلینس ایوارڈ” سے نوازا گیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کو ایسا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

سردار یوسف نے بتایا کہ اس سال حاجیوں کو عرفات اور دیگر مقدس مقامات پر ائیر کنڈیشنڈ خیموں اور جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا، جبکہ شکایات کا فوری ازالہ بھی موقع پر کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حج پالیسی 2026ء کے لیے تیار کی جا رہی ہے، جس میں تمام ارکانِ کمیٹی سے تجاویز لی جائیں گی تاکہ آئندہ حج کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ شہباز شریف کی ہدایت پر تمام انتظامات سعودی پالیسی کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔

حج رجسٹریشن شروع، نئی سہولیات زیر غور
وفاقی وزیر نے بتایا کہ اب تک 4 لاکھ 55 ہزار افراد حج کے لیے رجسٹریشن کروا چکے ہیں، اور آئندہ سال کے لیے حج کوٹے میں اضافے کی درخواست بھی دی گئی ہے۔ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت رہ جانے والے 63 ہزار حاجیوں کے پیسے واپس کرنے یا اگلے سال ترجیح دینے پر بھی غور ہو رہا ہے۔

مزید برآں، "روڈ ٹو مکہ” پروگرام کو کراچی اور اسلام آباد کے بعد لاہور، پشاور اور کوئٹہ تک توسیع دینے کا منصوبہ زیر غور ہے تاکہ حاجیوں کو امیگریشن کی سہولت پاکستان میں ہی میسر ہو۔

نئی تجاویز اور عوامی سہولیات
اجلاس میں رکن کمیٹی کی جانب سے یوتھ حج اسکیم، سبسڈی، اور بحری سفر کے آپشن پر بھی تجاویز پیش کی گئیں، جن پر وزارت غور کر رہی ہے۔ کمیٹی نے تجویز دی کہ عمرہ اور زیارات کے لیے بحری جہاز کے ذریعے سفر کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ کم آمدنی والے افراد بھی مقدس سفر پر جا سکیں۔

چیئرمین کمیٹی عامر ڈوگر نے حج انتظامات کو سراہتے ہوئے وزیر مذہبی امور اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور تجویز دی کہ کمیٹی کا ایک اجلاس سعودی عرب میں بھی منعقد کیا جائے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button