
اسلام آباد: مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آگئی ہے، کیونکہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ 16 جولائی سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 60 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 27 پیسے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔ آئل انڈسٹری کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ دستاویز اوگرا کو بھجوائی جا چکی ہے، جو اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گا۔
حتمی فیصلہ وزارت خزانہ اور وزیراعظم کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ پیٹرولیم قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے، تاہم وفاقی حکومت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ عوامی مفاد میں قیمتوں میں رد و بدل کر سکے۔
پیٹرول کی ممکنہ نئی قیمت سے ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، جس سے عام شہریوں کو مزید مالی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ حکومت اس فیصلے پر نظرِثانی کرے اور مہنگائی کے مارے ہوئے شہریوں کو کچھ ریلیف فراہم کرے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت عالمی حالات کے مطابق قدم اٹھاتی ہے یا عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں کو مستحکم رکھنے کا فیصلہ کرتی ہے۔