پاکستانتازہ ترین

تحریک انصاف کا سیاسی حکمتِ عملی اجلاس:، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی شرکت، قیادت لاہور روانہ

اسلام آباد — پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنی سیاسی حکمت عملی پر نظرِ ثانی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے تعین کے لیے مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے منتخب اراکین (ایم این ایز اور ایم پی ایز) سمیت پارٹی کی اعلیٰ قیادت شریک ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس کا بنیادی مقصد ملک بھر میں جاری احتجاجی تحریک کے آئندہ مرحلے کی حکمت عملی طے کرنا ہے۔ اراکین اسمبلی سے تجاویز طلب کی جا رہی ہیں تاکہ تحریک کو مزید منظم اور مؤثر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں موجود پارلیمانی رہنما ملکی سیاسی حالات کا جائزہ لیں گے اور سیاسی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے چیئرمین گوہر علی خان خیبرپختونخوا ہاؤس پہنچے، جہاں انہوں نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں واضح کیا کہ “یہ ایک سیاسی مشاورتی دورہ ہے، گرفتاریوں یا کسی غیر معمولی صورتحال کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت پنجاب کی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہے اور آئندہ اقدامات مکمل طور پر آئینی اور جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے بعد پی ٹی آئی کا وفد قافلے کی صورت میں لاہور روانہ ہوگا، جس کی قیادت خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کریں گے۔ وفد میں ایم این ایز، ایم پی ایز اور سینئر رہنما شامل ہوں گے۔

اسی دوران پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر بھی خیبرپختونخوا ہاؤس پہنچے اور پارٹی قیادت سے تفصیلی مشاورت کی۔ لاہور روانگی کے بعد مختلف سیاسی ملاقاتیں، مشاورتی اجلاس اور عوامی رابطہ مہم کے لیے حکمت عملی طے کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور آج شام لاہور پہنچیں گے، جہاں وہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں اور پنجاب اسمبلی کے اراکین سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں آزادی تحریک کو پنجاب میں منظم اور فعال بنانے پر غور ہوگا۔

وزیراعلیٰ لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے خطاب بھی کریں گے، جس کے بعد ان کے اعزاز میں ایک عشائیہ منعقد کیا جائے گا۔ عشائیے میں سیاسی صورتحال، تحریک کی رفتار، اور آئندہ اقدامات پر تفصیلی مشاورت متوقع ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button