
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے اثرات پاکستان کے فلائٹ آپریشن پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ فضائی حدود کی بندش اور علاقائی کشیدگی کے باعث اندرون و بیرون ملک 16 پروازیں منسوخ اور 57 تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے جدہ، مشہد، بغداد اور تہران جانے والی آٹھ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اسلام آباد سے نجف کی دو غیر ملکی پروازیں ایرانی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے منسوخ ہوئیں۔
قومی ایئر لائن کی اسلام آباد سے گلگت جانے والی چار اور لاہور سے سکردو کی دو پروازیں بھی انتظامی وجوہات کی بنا پر منسوخ کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق آج جدہ، دبئی، بحرین اور راس الخیمہ سے اسلام آباد آنے والی پروازوں میں ایک سے پانچ گھنٹے جبکہ دبئی، کویت، ابوظہبی، دوحہ اور شارجہ سے اسلام آباد کی پروازوں میں بھی تاخیر متوقع ہے۔
اسی طرح کوئٹہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان اور پشاور سے روانہ ہونے والی متعدد پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔
یاد رہے کہ 12 جون کو اسرائیلی حملے میں ایران کے پاسداران انقلاب کے سربراہ، آرمی چیف، متعدد جوہری سائنسدانوں اور عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں، جس کے اثرات علاقائی پروازوں پر بھی واضح ہیں۔