
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ایم ڈی کیٹ 2025 کا نیا نصاب جاری کر دیا ہے، جو ادارے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ یہ نصاب آئندہ میڈیکل اور ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ کے لیے بنیادی فریم ورک کے طور پر استعمال ہو گا۔
نیا نصاب پانچ اہم مضامین پر مشتمل ہے جن میں بائیولوجی، فزکس، کیمسٹری، انگریزی اور لاجیکل ریزنننگ شامل ہیں۔
امتحان 180 ایم سی کیوز پر مشتمل ہو گا، جس میں 15 فیصد آسان، 70 فیصد درمیانے درجے کے اور 15 فیصد مشکل سوالات ہوں گے۔ امتحان کا دورانیہ تین گھنٹے رکھا گیا ہے جبکہ منفی مارکنگ نہیں ہو گی۔
امیدواروں کے لیے میڈیکل کالج میں داخلے کے لیے کم از کم 55 فیصد اور ڈینٹل کالج میں داخلے کے لیے 50 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہو گا۔
صدر پی ایم ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کے مطابق، نیا نصاب شفافیت، میرٹ، اور قومی سطح پر یکساں جانچ کے اصولوں پر مبنی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پرانے نصاب کی چند خامیوں کی نشاندہی کے بعد، نئی نصاب سازی کا عمل چھ ماہ کے اندر مکمل کیا گیا۔ اس نصاب کی تیاری میں ماہرین تعلیم، جامعات، اور صوبائی حکام سے مشاورت کی گئی تاکہ اسے قومی اور بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
مزید برآں، پی ایم ڈی سی نے ماہرین کی مدد سے سوالات کا نیا بینک بھی تیار کرنا شروع کر دیا ہے، جو منصفانہ اور معیاری امتحانات کو یقینی بنائے گا۔
ایم ڈی کیٹ کا حتمی شیڈول جلد داخلہ دینے والی جامعات سے مشاورت کے بعد جاری کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ امتحان ستمبر کے آخری یا اکتوبر کے پہلے اتوار کو ہو گا۔