پاکستانتازہ ترینروزگار
ٹرنڈنگ

خیبرپختونخوا کا 2119 ارب روپے کا بجٹ پیش، تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ

صوبائی وزیر خزانہ کے مطابق 1962 ارب روپے کے اخراجات کا تخمینہ ہے جب کہ 157 ارب روپے سرپلس رکھا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال 26-2025 کے لیے 2119 ارب روپے کا سرپلس بجٹ پیش کر دیا۔ صوبائی وزیر خزانہ آفتاب عالم نے اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ مالی سال میں 1962 ارب روپے اخراجات کا تخمینہ ہے جبکہ 157 ارب روپے سرپلس رکھا گیا ہے۔

بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد، پنشن میں 7 فیصد اضافے اور کم سے کم اجرت 36 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ایگزیکٹو الاؤنس نہ لینے والے ملازمین کا ڈسپیرٹی الاؤنس 15 سے 20 فیصد بڑھانے کی سفارش بھی شامل ہے۔

ترقیاتی بجٹ 547 ارب روپے رکھا گیا ہے، جس میں بندوبستی اضلاع کے لیے 155 ارب روپے اور ضم شدہ اضلاع کے لیے 160 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ حکومت نے پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے اور شہداء پیکج میں اضافے کی بھی تجویز دی ہے۔

محصولات کے ضمن میں 36 ہزار ماہانہ آمدنی والوں پر پروفیشنل ٹیکس ختم، 4.9 مرلہ پراپرٹی پر ٹیکس میں چھوٹ اور الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس و ٹوکن ٹیکس معاف کرنے کی تجاویز دی گئی ہیں۔ پراپرٹی سٹامپ و ٹرانسفر ڈیوٹی 2 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

آفتاب عالم کے مطابق این ایف سی میں صوبے کو 267 ارب روپے کی کمی کا سامنا ہے، جبکہ وفاق کے ذمے بجلی، گیس اور تیل کی مد میں مجموعی طور پر 129 ارب روپے کے بقایاجات ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ مالی بحران کے باوجود گزشتہ سال کا 100 ارب روپے کا سرپلس ہدف عبور کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیبٹ مینجمنٹ فنڈ میں 150 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی، 49 ارب روپے واجب الادا قرضوں کی ادائیگی کی گئی، اور 3 ماہ کی تنخواہوں کے مساوی ذخائر موجود ہیں۔

تعلیم کے شعبے میں 4.6 ارب روپے جامعات، 4.9 ارب روپے اعلیٰ تعلیم اور ضم شدہ اضلاع میں 46 کالجز کی تعمیر نو کے لیے 155 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ 16 ہزار اساتذہ کی بھرتی، 3.4 کروڑ درسی کتب اور 5.18 لاکھ وظائف کی فراہمی بھی بجٹ میں شامل ہے۔

حکومت نے صحت کارڈ اسکیم بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خطرناک بیماریوں کو اس میں شامل کیا ہے۔ 7 ارب روپے کی لاگت سے گڈ گورننس کے لیے اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں۔

اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن کے احتجاج اور نعرے بازی کے باوجود بجٹ پیش کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت کو سراہتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبہ معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے۔ بجٹ میں پولیس کے لیے جدید سازوسامان اور سہولیات فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button