اوورسیزتازہ ترین
ٹرنڈنگ

نئی بین الاقوامی ثالثی تنظیم کا قیام، پاکستان بانی رکن کے طور پر شامل

ہانگ کانگ میں ہونے والی تاسیسی تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی۔

پاکستان نے چین کی قیادت میں قائم ہونے والی بین الاقوامی ثالثی تنظیم میں بانی رکن کے طور پر شمولیت اختیار کر لی ہے۔ ہانگ کانگ میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے دستخط کیے۔ اس نئی تنظیم کا مقصد بین الاقوامی سطح پر تنازعات کا پرامن اور دوستانہ حل تلاش کرنا ہے۔

بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی کا قیام جمعہ کو ہانگ کانگ میں عمل میں آیا، جہاں 30 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے اس معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ یی، ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی، پاکستان، انڈونیشیا، بیلاروس، کیوبا سمیت درجنوں ممالک کے نمائندے شریک ہوئے۔

اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اس تنظیم کو زیادہ منصفانہ اور متوازن دنیا کے قیام کی جانب ایک اہم قدم سمجھتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر زور دیا اور مسئلہ کشمیر سمیت انڈیا کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کی بھی نشاندہی کی۔

چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ یہ تنظیم چینی حکمت پر مبنی ہے اور اس کا ہدف افہام و تفہیم کے ذریعے اقوام کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ وانگ یی کے مطابق، یہ تنظیم اس پرانی سوچ کو چیلنج کرتی ہے کہ اگر تم جیتو گے تو میں ہاروں گا۔

بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی کو دنیا کی پہلی بین الحکومتی قانونی تنظیم قرار دیا جا رہا ہے جس کا صدر دفتر ہانگ کانگ میں ہوگا۔ اسے اقوام متحدہ کے موجودہ ثالثی اداروں جیسے آئی سی جے اور پی سی اے کا تکمیلی ادارہ تصور کیا جا رہا ہے، جو روایتی عدالتی فیصلوں کے ساتھ ساتھ لچکدار ثالثی کے طریقوں کو فروغ دے گا۔

تنظیم 2025 کے اختتام تک اپنا باقاعدہ کام شروع کر دے گی۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button