پاکستانتازہ ترینروزگار
ٹرنڈنگ

بلال بن ثاقب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بلاک چین و کرپٹو کرنسی مقرر

بلال بن ثاقب اس وقت پاکستان کرپٹو کونسل کے چیف ایگزیکٹو افسر اور وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر بھی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوان کاروباری اور سماجی شخصیت بلال بن ثاقب کو بلاک چین اور کرپٹو کرنسی پر اپنا معاون خصوصی مقرر کر دیا ہے۔ انہیں وزیرِ مملکت کا درجہ دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی پاکستان ان چند ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے جنہوں نے کرپٹو کرنسی اور بلاک چین کے لیے اعلیٰ سطحی عہدیدار مقرر کیے ہیں، ان میں امریکا، متحدہ عرب امارات اور ایل سلواڈور شامل ہیں۔

وزیراعظم آفس کے مطابق بلال بن ثاقب پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او اور وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ ایک تاریخی معاہدہ کیا، جو ڈی سینٹرلائزڈ فنانس پلیٹ فارم ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حمایت یافتہ ہے۔ اس معاہدے کا مقصد پاکستان میں بلاک چین انوویشن اور سٹیبل کوائن کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔

بلال بن ثاقب نے دنیا کے سب سے بڑے کرپٹو پلیٹ فارم بائننس کے بانی چانگ پینگ ژا کو پاکستان کرپٹو کونسل کا سٹریٹجک ایڈوائزر مقرر کیا، تاکہ ملک میں ریگولیٹری اصلاحات، تعلیمی پروگرامز، اور بلاک چین انفراسٹرکچر کی ترقی ممکن ہو سکے۔

لندن سکول آف اکنامکس سے ماسٹرز کی ڈگری رکھنے والے بلال کو فوربز ایشیا کی 30 انڈر 30 فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے۔ انہیں 2023 میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کی جانب سے ایم بی ای (ممبر آف دی آرڈر آف دی برٹش ایمپائر) سے بھی نوازا گیا۔

ملک میں 4 کروڑ سے زائد کرپٹو صارفین، 300 ارب ڈالر سے زائد کا سالانہ ٹریڈنگ حجم، اور 40 ہزار سالانہ آئی ٹی گریجویٹس کے ساتھ پاکستان بلاک چین اور ڈیجیٹل فنانس کے لیے ایک عالمی مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button