اوورسیزتازہ ترین
ٹرنڈنگ

یورپی ملک مالٹا کا فلسطینی ریاست کو باضابطہ تسلیم کرنے کا اعلان

اقوام متحدہ کے 193 میں سے 137 رکن ممالک فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔

یورپی ملک مالٹا نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا تاریخی اعلان کر دیا ہے۔ مالٹا کے وزیراعظم رابرٹ ابیلا نے موسٹا میں ایک سیاسی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کی حکومت 20 جون 2025 کو فلسطین کو ایک آزاد و خودمختار ریاست کے طور پر باضابطہ طور پر تسلیم کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ 45 سالہ طویل بحث کے بعد اب وقت آ گیا ہے کہ ہم رسمی طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں۔

رابرٹ ابیلا نے مزید بتایا کہ یہ اقدام اقوام متحدہ کی مجوزہ کانفرنس کے موقع پر 20 جون کو ممکنہ طور پر دیگر یورپی ممالک کے ساتھ مل کر کیا جائے گا۔ مالٹا کے وزیر خارجہ ایان بورگ نے بھی اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ کئی ممالک مل کر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مالٹا ان انسانی سانحات سے آنکھیں بند نہیں کر سکتا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسرائیلی فضائی حملے میں متاثر ہونے والے النجار خاندان کو مالٹا میں پناہ دی جائے گی۔

یاد رہے کہ غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں ایک فضائی حملے کے دوران ڈاکٹر حمدی النجار، ان کی اہلیہ اور 9 بچوں کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں 9 بچے شہید ہوئے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مالٹا آپ اور آپ کے خاندان کو پناہ دینے کے لیے تیار ہے اور آپ کے ساتھ اپنے شہریوں جیسا سلوک کرے گا۔

اقوام متحدہ کے 193 میں سے اب تک 137 رکن ممالک فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔ حالیہ برسوں میں آرمینیا، سلووینیا، آئرلینڈ، ناروے، اسپین، بہاماس، جمیکا، اور دیگر ممالک بھی اس فہرست میں شامل ہو چکے ہیں۔

تاہم امریکا، برطانیہ، جرمنی اور آسٹریلیا جیسی بڑی مغربی طاقتیں تاحال اس فیصلے سے گریزاں ہیں۔ فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے گزشتہ ماہ عندیہ دیا تھا کہ فرانس آئندہ مہینوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر غور کر رہا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button