
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے سات اپریل کے عالمی یوم صحت کے سلسلے میں اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں ہر روز 675 نومولود بچوں اور 27 ماؤں کی اموات واقع ہو رہی ہیں۔ ادارے نے اس ضمن میں فوری اقدامات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مجموعی طور پر ہر سال، ایک ماہ سے کم عمر کے تقریباً ڈھائی لاکھ بچوں اور تقریباً 10 ہزار ماؤں کی اموات، زچہ و بچہ کے لیے مناسب سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ ان کے علاوہ سالانہ تقریباً دو لاکھ بچوں کی، پیدائش ہی مردہ حالت میں ہوتی ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے قومی اور بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان اور خطے کی ترقی کے لیے، ایسی اموات کی شرح کم کرنے میں فوری سرمایہ کاری کی جائے۔