
انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے پشاور میں کوریئر سروسز کے ذریعے منشیات کی ترسیل کی کوشش ناکام بناتے ہوئے نوشہرہ سے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے، جو ملک کے مختلف شہروں کے لیے 11 منشیات سے بھرے پارسل بک کرا چکا تھا۔
اے این ایف کے مطابق برآمد کیے گئے پارسلز میں 5.7 کلوگرام چرس، 200 گرام آئس، 120 ایکسٹسی گولیاں، 150 گرام افیون، جعلی کرنسی مالیت ایک لاکھ روپے اور ایک 30 بور پستول شامل تھے۔
اس کے علاوہ، حاجی کیمپ پشاور کے قریب ایک الگ کارروائی میں تین افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے دو کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق، یہ افراد بین الصوبائی سطح پر منشیات کی ترسیل میں ملوث تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان منشیات خیبر کے علاقے باڑا اور دیگر مقامات سے حاصل کر کے کوریئر سروسز کے ذریعے مختلف شہروں تک منتقل کرتے تھے، تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے اوجھل رہ سکیں۔
اے این ایف کا کہنا ہے کہ کوریئر سروسز اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کا بڑھتا ہوا رجحان قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ حکام نے اس حوالے سے مزید تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک کو مکمل طور پر بے نقاب کیا جا سکے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔