
امریکہ میں فلوریڈا سٹیٹ یونیورسٹی کے کالج آف میڈیسن کی ٹیم، 18 سال کی ایک تحقیق کے بعد اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ شادی شدہ لوگوں میں بتدریج یادداشت کھو دینے کی بیماری، ڈیمینشیا کا خطرہ نسبتاً زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق کو حیران کن قرار دیا جا رہا کیونکہ ماضی میں شادی سے متعلق مطالعات سے شادی کے انسانی صحت پر مثبت اثرات سامنے آتے رہے ہیں جیسا کہ امراض دل کے خطرے میں کمی اور لمبی عمر وغیرہ۔
تحقیق کے دوران 24 ہزار سے زائد لوگوں چار گروہوں میں تقسیم کیا گیا جن میں شادی شدہ، طلاق یافتہ، بیوہ یا رنڈوا، اور غیر شادی شدہ شامل تھے۔ ان لوگوں کی صحت کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا گیا۔ محققین کو پتہ چلا کہ غیر شادی شدہ لوگوں کو ڈیمینشیا ہونے کا امکان، شادی شدہ لوگوں کی نسبت، 40 فیصد کم ہوتا ہے۔ طلاق یافتہ لوگوں میں یہ شرح 34 فیصد، بیوہ یا رنڈوا کو، ڈیمینشیا ہونے کا امکان غیر شادی شدہ لوگوں کی نسبت 27 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج حتمی نہیں ہیں اور اس سلسلے میں مزید مطالعوں کی ضرورت ہے جن میں تعلیم، جینیات، خوشحال اذواجی زندگی اور صحت کی حالت جیسے عوامل مختلف نتائج سامنے لا سکتے ہیں۔