
پاکستان کی ترسیلات زر پہلی بار 4 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں: سٹیٹ بینک
مارچ 2025 کے دوران ترسیلاتِ زر کا حجم 4.1 ارب امریکی ڈالر رہا جس نے پہلی بار اس حد کو عبور کیا ہے۔
دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے مارچ 2025 کے دوران 4.1 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں، جو ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 ارب ڈالر کی حد سے تجاوز ہے۔ یہ اعداد و شمار منگل کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق ترسیلات میں اضافے کی بڑی وجوہات سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکا سے آنے والی رقوم ہیں۔ مارچ میں سعودی عرب سے 987.3 ملین ڈالر، یو اے ای سے 842.1 ملین ڈالر، برطانیہ سے 683.9 ملین ڈالر اور امریکا سے 419.5 ملین ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔
ترسیلات زر میں اس ریکارڈ اضافے کی خبر کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان جاری رہا اور 100 انڈیکس میں 600 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1 لاکھ 16 ہزار 390 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں سٹیٹ بینک نے ایک رپورٹ میں بھی ترسیلات زر میں اس تاریخی اضافے کی تصدیق کی تھی، جسے ماہرین رمضان اور عید کے موقع پر بڑھتی ہوئی رقوم، اور بینکاری نظام کے ذریعے ترسیلات کو فروغ دینے کی کوششوں کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔