
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دل میں تکلیف کے باعث آج صبح کوٹ لکھپت جیل سے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کر دیا گیا جس کی ان کے وکیل اور اہل خانہ نے تصدیق کی ہے۔
شاہ محمود قریشی کے وکیل کے مطابق انہیں نمازِ فجر کے بعد دل میں تکلیف ہوئی، جس پر جیل انتظامیہ نے پر اہل خانہ کو اطلاع دی اور ساتھ ہی انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مہر بانو قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد شاہ محمود قریشی کی ای سی جی رپورٹ نارمل نہیں تھی اور شوگر لیول بھی معمول سے زیادہ تھا۔ ان کے مطابق فجر کے وقت طبیعت بگڑنے پر والد کو سینے میں درد اور سانس لینے میں تکلیف محسوس ہوئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شاہ محمود قریشی گزشتہ دو برس سے جیل میں قید ہیں۔ شاہ محمود قریشی 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق مقدمات میں گرفتار کیا گئے تھے اور وہ تب سے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں زیرِ حراست ہیں۔