
خیبرپختونخوا حکومت نے زکوة کی تقسیم کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایچ بی ایل کنیکٹ کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے، جس کے تحت بیواؤں اور یتیم بچوں کو ماہانہ 10 ہزار روپے براہ راست بینک یا واٹس ایپ لنکڈ اکاؤنٹس میں منتقل کیے جائیں گے۔
یہ معاہدہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں وزیر سماجی بہبود، زکوة و عشر سید قاسم علی شاہ کی زیر صدارت ایک تقریب میں طے پایا جس کا مقصد زکوة کی تقسیم کے عمل کو شفاف، تیز اور باعزت بنانا ہے۔ تقریب میں محکمہ کے افسران اور ایچ بی ایل کنیکٹ کے نمائندے شریک تھے۔
حکام کے مطابق، دو فلاحی پروگرام، ’روشن مستقبل‘ اور ’سہارا کارڈ‘، کے ذریعے مستحق افراد کو رقم منتقل کی جائے گی۔ ادائیگی کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل ہو گا، جس میں کسی بھی قسم کے درمیانی واسطے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ زکوة فنڈز کی براہ راست ترسیل سے نہ صرف بدعنوانی کا خاتمہ ہو گا بلکہ ضرورت مند خاندانوں کو ان کا حق فوری اور باوقار طریقے سے ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف مالی مدد کا معاملہ نہیں بلکہ یہ ایک ڈیجیٹل فلاحی ماڈل کی طرف عملی قدم ہے، جو احتساب، شفافیت اور شہری خودمختاری پر مبنی ہے۔
محکمہ زکوة کے مطابق یہ معاہدہ خیبرپختونخوا کی فلاحی پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی ہے، جس کا مقصد کاغذی کارروائی کو ختم کر کے ایک مؤثر، خودکار اور کرپشن سے پاک نظام قائم کرنا ہے۔