تازہ ترینلائف سٹائل
ٹرنڈنگ

دبئی سے مصر کیلئے میوزک فیسٹیول کی خصوصی پرواز 7 مئی کو اڑان بھرے گی

مشرقِ وسطیٰ میں بدلتی ترجیحات اور تفریحی سیاحت کی مقبولیت میں اضافہ۔

دبئی سے مصر کے ساحلی شہر الغردقہ میں ہونے والے بین الاقوامی الیکٹرانک میوزک ایونٹ سینڈ باکس فیسٹیول میں شرکت کے لیے ایک خصوصی چارٹر پرواز 7 مئی 2025 کو المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوگی، جس میں ڈی جے کی لائیو پرفارمنس، مشروبات اور دورانِ پرواز ’پری پارٹی‘ کا اہتمام کیا گیا ہے۔

یہ پرواز متحدہ عرب امارات میں ثقافتی اور تفریحی سیاحت کو فروغ دینے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد ملکی معیشت کو تیل پر انحصار سے ہٹاکر متنوع شعبوں کی جانب منتقل کرنا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام مشرقِ وسطیٰ میں بدلتے سماجی رویوں اور تفریحی سرگرمیوں کی بڑھتی مقبولیت کی علامت ہے۔

ایئر باکس دبئی کے نام سے متعارف یہ پرواز صرف سینڈ باکس فیسٹیول کے ٹکٹ ہولڈرز کے لیے مخصوص ہے، جس کی ابتدائی قیمت 579 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ پرواز کے دوران عالمی شہرت یافتہ ڈی جے موسیقی پیش کریں گے اور مختلف اقسام کے مشروبات بشمول الکوحل دستیاب ہوں گے۔

یہ اقدام یو اے ای میں قائم ڈانس میوزک لیبل موز ریکارڈز کی جانب سے کیا گیا ہے، جس کی بنیاد 2024 میں رکھی گئی۔ اس کا اشتراک مصر کے شہر الجونہ میں منعقد ہونے والے سالانہ سینڈ باکس فیسٹیول سے ہے، جبکہ پرواز کے انتظامات مصری کمپنی ایسکیپ کوڈ کر رہی ہے، جو پرتعیش سفری خدمات میں مہارت رکھتی ہے۔ طیارے کی قسم اور نشستوں کی گنجائش سے متعلق معلومات تاحال ظاہر نہیں کی گئیں۔

سینڈ باکس فیسٹیول تین روزہ ایونٹ ہے جو قاہرہ کی ایونٹ مینجمنٹ کمپنی نیسل کے زیرِ اہتمام منعقد ہوتا ہے۔ اس میں موسیقی، بصری فنون اور دیگر تخلیقی مظاہرے پیش کیے جاتے ہیں، جنہیں دیکھنے کیلئے دنیا بھر سے شائقین مصر کے ساحلی علاقوں کا رُخ کرتے ہیں۔

دنیا کے دیگر خطوں میں بھی دورانِ پرواز موسیقی کی تقریبات کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ یورپ میں ’ٹومارو لینڈ‘ فیسٹیول کے لیے اماری پرواز کو خاص شہرت ملی، جو برسلز ایئرلائنز کے اشتراک سے چلائی گئی۔ اسی طرح، برطانیہ سے ایبیزا جانے والی متعدد پروازوں میں بھی ڈی جے پرفارمنسز کا رواج رہا ہے۔

ایئر باکس دبئی کی پرواز 7 مئی کی صبح روانہ ہو کر الغردقہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترے گی، جہاں سے مسافروں کو براہِ راست فیسٹیول کے مقام پر منتقل کیا جائے گا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button