
پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں چھ ماہ سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کے لیے مفت کوکلئیر امپلانٹ پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یہ اقدام پیدائشی سماعت کی کمزوری کا شکار بچوں کو جدید علاج فراہم کرنے اور ان کے خاندانوں پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں ای این ٹی (کان، ناک، گلا) ماہرین کی ٹیم نے نو بچوں کی کامیاب سرجریاں انجام دیں۔ یہ آپریشن صحت سہولت پروگرام کے تحت کیے گئے، جس کے تحت مریضوں کو علاج کے تمام اخراجات سے مستثنیٰ رکھا گیا۔
ایک کوکلئیر امپلانٹ کی لاگت تقریباً 21 لاکھ 50 ہزار روپے ہے، جسے پاکستان بیت المال اور صحت کارڈ پروگرام کے تعاون سے مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔
پروگرام کے تحت حال ہی میں دو روزہ کوکلئیر امپلانٹ میراتھن کا انعقاد کیا گیا، جس میں نو بچوں کی سرجری کی گئی۔ تمام آپریشنز ماہرینِ صحت کی نگرانی میں انجام دیے گئے۔
اس منصوبے سے نہ صرف بچوں کی سماعت بحال کرنے میں مدد ملے گی بلکہ انہیں معاشرتی زندگی میں فعال کردار ادا کرنے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ انتظامیہ کے مطابق پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔