
2025 کا حج سیزن مکہ میں شدید گرمی کے دوران ادا کیا جانے والا آخری حج ہوگا، جس کے بعد اگلے 16 سالوں تک مناسکِ حج معتدل یا سرد موسم میں انجام دیے جائیں گے۔
سعودی نیشنل میٹرولوجیکل سینٹر کے مطابق یہ تبدیلی اسلامی قمری کیلنڈر کی گردش کے سبب رونما ہو رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق 2026 سے حج کا وقت بہار کے مہینوں میں منتقل ہو جائے گا، جبکہ 2033 سے 2041 تک یہ سردیوں میں ادا کیا جائے گا۔
2042 میں حج ایک مرتبہ پھر گرم موسم میں آئے گا، تاہم تب تک کروڑوں عازمین نسبتاً خوشگوار موسم میں فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔
یہ پیش رفت ان لاکھوں مسلمانوں کے لیے باعثِ سکون ہے جنہوں نے حالیہ برسوں میں مکہ کی 50 ڈگری سیلسیئس تک پہنچتی گرمی میں مناسک ادا کیے۔ صرف 2024 میں ہیٹ سٹروک کے 2,760 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں درجنوں اموات بھی ہوئیں تھیں ۔