
متحدہ عرب امارات کا بلیو ریزیڈنسی ویزا کے لیے 180 دن کا نیا پرمٹ جاری
یہ اقدام ماحول دوست خدمات انجام دینے والے عالمی ماہرین کو امارات لانے کے لیے متعارف کیا گیا ہے۔
ماحول، موسمیاتی تبدیلی اور پائیداری کے میدان میں خدمات انجام دینے والے غیر ملکی ماہرین کے لیے متحدہ عرب امارات نے بلیو ریزیڈنسی ویزا حاصل کرنے کے مقصد سے 180 دن کا ایک سے زائد بار داخلے کا اجازت نامہ جاری کر دیا ہے۔
بلیو ریزیڈنسی ایک دہائی پر مشتمل مستقل رہائش کا ایسا ویزا ہے جو صرف اُن افراد کو دیا جائے گا جنہوں نے ماحولیاتی تحفظ اور سبز ٹیکنالوجی میں اہم کردار ادا کیا ہو۔
یہ اجازت نامہ وفاقی ادارہ برائے شناخت، شہریت، محصولات اور بندرگاہی تحفظ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ خواہش مند غیر ملکی درخواست دہندگان اس کے لیے سرکاری ویب سائٹ یا موبائل درخواست کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔
اس اقدام کا مقصد اُن ماہرین، سائنسدانوں، ماحولیاتی سرمایہ کاروں، اور سرکاری و نجی اداروں سے وابستہ افراد کو امارات میں لانا ہے جو ماحول سے متعلق سرگرمیوں میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہوں۔
درخواست کا عمل پانچ آسان آن لائن مراحل پر مشتمل ہے، جو صرف سات منٹ میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔ مطلوبہ دستاویزات میں کم از کم چھ ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ، حالیہ تصویر، اہلیت کا ثبوت اور مقررہ فیس شامل ہیں۔ درخواست کی تکمیل کے بعد فیصلہ صرف ایک کاروباری دن میں جاری کر دیا جاتا ہے۔
متحدہ عرب امارات پہلے ہی طویل مدتی رہائش کے منصوبے مثلاً گولڈن ویزا اور گرین ویزا متعارف کرا چکا ہے۔ بلیو ریزیڈنسی اس سلسلے کی نئی کڑی ہے، جس کا مقصد ملک کو عالمی سطح پر ماحول دوست پالیسیوں اور اختراعات کا مرکز بنانا ہے۔