پاکستانتازہ ترین
ٹرنڈنگ

وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس میں زراعت کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے کا فیصلہ

کسانوں کو آسان قرضے، معیاری بیجوں کی فراہمی، اور جدید زرعی تحقیق کے لیے وسائل مہیا کرنے کی ہدایت۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں زرعی خودکفالت کا ہدف حاصل کرنے کے لیے زراعت کے شعبے کو جدید اور سائنسی خطوط پر ترقی دی جا رہی ہے تاکہ قومی معیشت کو مستحکم بنیادیں فراہم کی جا سکیں۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو زراعت میں اصلاحاتی اقدامات پر غور کے لیے بلائے گئے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں وفاقی وزرا، زرعی ماہرین اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ورکنگ گروپ نے زرعی پالیسی سے متعلق تفصیلی تجاویز پیش کیں، جن پر وزیراعظم نے کئی اہم ہدایات جاری کیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کسانوں کو کم شرح سود پر زرعی قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ معیاری بیجوں کی دستیابی کے لیے سرٹیفیکیشن کے نظام میں فوری بہتری لائی جائے۔ زرعی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے وسائل مہیا کیے جائیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زرعی ترقی کے لیے ایک جامع ریگولیٹری فریم ورک وضع کیا جائے جو شفافیت اور دیرپا نتائج کا ضامن ہو۔ وزیراعظم نے نیشنل ایگری انوویشن پلان کی تیاری اور ماحول دوست زرعی صنعتی ترقی کے لیے ایک طویل المدتی پالیسی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم کے مطابق، پاکستان کو قدرت نے زرعی وسائل، زرخیز زمین اور محنتی کسانوں سے نوازا ہے، اور ان مواقع کو سائنسی بنیادوں پر استعمال کر کے خود انحصاری حاصل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے اس بات کی بھی ہدایت کی کہ تمام متعلقہ فریقین، بالخصوص صوبوں سے مشاورت کر کے ایک مربوط قومی حکمت عملی تشکیل دی جائے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button