اوورسیزتازہ ترین
ٹرنڈنگ

پاکستان کی حمایت پر انڈیا میں ترکی اور آذربائیجان کا سیاحتی بائیکاٹ

سیاحتی کمپنیوں نے ترکی اور آذربائیجان کے لیے بکنگز کی منسوخی میں اضافے کی تصدیق کی ہے۔

ترکی اور آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کی حالیہ حمایت کے بعد انڈیا میں ان ممالک کے لیے سیاحتی رجحان میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، جہاں شہری بڑی تعداد میں اپنی سفری بکنگز منسوخ کر رہے ہیں۔

انڈیا کی دو بڑی سیاحتی کمپنیوں، میک مائی ٹرپ اور ایزی مائی ٹرپ کے مطابق، حالیہ دنوں میں ترکی اور آذربائیجان کے لیے بکنگز میں نمایاں کمی اور منسوخیوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ میک مائی ٹرپ کے ترجمان نے بتایا کہ صرف ایک ہفتے کے دوران بکنگز میں 60 فیصد کمی جبکہ منسوخیوں میں 250 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایزی مائی ٹرپ کے چیف ایگزیکٹو، رکانت پٹی کے مطابق، ترکی کے لیے 22 فیصد اور آذربائیجان کے لیے 30 فیصد سیاحتی دورے منسوخ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انڈیا کے مسافر اب ان دونوں ممالک کے بجائے جارجیا، یونان، سربیا، تھائی لینڈ اور ویتنام جیسے متبادل سیاحتی مقامات کو ترجیح دے رہے ہیں۔

اسی تناظر میں ٹکٹنگ پلیٹ فارم ایکس آئی گو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اعلان کیا ہے کہ وہ ترکی، آذربائیجان اور چین کے لیے اپنی فلائٹ اور ہوٹل بکنگز عارضی طور پر معطل کر رہا ہے۔

ایزی مائی ٹرپ کے بانی و چیئرمین، نِشانت پٹی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ گزشتہ سال دو لاکھ 87 ہزار انڈین شہریوں نے ترکی اور دو لاکھ 43 ہزار نے آذربائیجان کا سفر کیا تھا۔

انڈیا اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے اثرات اب یورپ و ایشیا کے سنگم پر واقع ممالک تک پہنچنے لگے ہیں۔ اگرچہ ترکی اور انڈیا کے درمیان تاریخی سفارتی و تجارتی تعلقات موجود ہیں، لیکن حالیہ کشیدگی کے دوران ترکی کی پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی نے انڈیا میں شدید عوامی ردعمل کو جنم دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ترکی اور آذربائیجان کے خلاف تنقیدی پوسٹس گردش کر رہی ہیں، جبکہ متعدد سیاحتی پلیٹ فارمز نے ترکی کے لیے اپنی خدمات روکنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button