328

آئی فون کی ریپئر ہسٹری کو جاننے کا آسان طریقہ

پرانے موبائل فون کی خریداری ہمیشہ سے ایک جوئے کی مانند ہے، بسا اوقات خریدار محض دکان دار پر بھروسہ کرکے موبائل فون خرید لیتا ہے اور بعد میں چلتا ہے کہ اس کے کافی سارے پارٹس اوریجنل نہیں یا یہ سیٹ کسی خرابی کی وجہ سے مرمت ہو چکا ہے۔

ایپل آئی فون کے معاملے میں یہ معاملہ زیادہ سنگین ہوجاتا ہے کیوں کہ آئی فون میں اس کے اوریجنل پارٹس ہی مطابقت رکھتے ہیں۔ فرسٹ کاپی یا دونمبر پارٹس کی صورت میں آپ کا آئی فون بہتر پرفارمنس نہیں دیتا۔

ایپل کی جانب سے آئی فون میں آئی او ایس 15.2 اپ ڈیٹ سے پہلے ریپئرنگ کے وقت ہی غیر معیاری پارٹس کے بارے میں وارننگ جاری کردی جاتی تھی۔

ایپل نے جعلی اور غیر معیاری پارٹس کی روک تھام کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے آئی او ایس 15.2 اپ ڈیٹ کے بعد ایک نئے فیچر کا اضافہ کردیا ہے، جس کی مدد سے استعمال کنندہ کو پتا چل جاتا ہے کہ آیا جو موبائل وہ استعمال کررہے ہیں وہ پہلے ریپئر ہوچکا ہے یا نہیں یا اس میں اوریجنل پارٹس لگائے گئے ہیں یا غیر معیاری۔

آئی فون کا یہ فیچر ایسے استعمال کنندگان کے لیے بہت ہی مفید ہے جنہوں نے مقامی اسٹور سے اپنے فون کی مرمت کرائی ہو یا وہ استعمال شدہ آئی فون خرید رہے ہوں۔ یہ اپ ڈیٹڈ فیچر یہ بھی بتا دیتا ہے کہ تبدیل کیے گئے پارٹس صحیح کام کر رہے ہیں یا نہیں۔

ایپل کی آفیشل پوسٹ کے مطابق اس فیچر کے کام کرنے کی صلاحیت آئی فون کے ہر ماڈل کے لحاظ سے مختلف ہے۔

مثال کے طور پر آئی فون ایکس آر، ایکس ایس اور ایکس ایس میکس میں یہ سیکشن صرف بیٹری کی تفصیلات ظاہر کرے گا۔ آئی فون 11 میں بیٹری کے ساتھ ساتھ ڈسپلے کی تفصیلات بھی ظاہر ہوں گی۔ آئی فون 12 اور آئی فون 13 میں یہ فیچر بیٹری، ڈسپلے اور کیمرے میں ہونے والی تبدیلی کی تفصیلات ظاہر کرتا ہے۔

آئی فون ہارڈویئر میں ہونے والی تبدیلیوں کو جاننے کا طریقہ کار؛

اس فیچر کے بارے میں مزید جاننے سے قبل اس بات کو یقینی بنا لیں کہ آپ کے فون میں آئی او ایس 15.2 یا اس کے بعد کا آپریٹنگ سسٹم چل رہا ہے۔

1۔ سیٹنگزکو کھول کر General پر ٹیپ کریں

2۔ About سیکشن کے ٹاپ پر جا کر ٹیپ کریں

3۔ پارٹس اینڈ سروس ہسٹری سیکشن میں جا کر چیک کریں

یہاں پر اگر آپ کے فون کا کوئی پارٹ تبدیل یا ریپئر ہوا ہے تو اس کی تفصیلات ظاہر ہوں گی، اگر آپ چاہیں تو Learn more پر جاکر کسی مخصوص پارٹس کی تبدیلی کے بارے میں بھی جان سکتے ہیں۔

اگر آپ کا فون ریپئر یا اس کا کوئی پارٹ تبدیل نہیں ہوا ہے تو پھر ’ پارٹس اینڈ سروس ہسٹری سیکشن‘ ظاہر نہیں ہوگا۔

یہ ایپل کمپنی کی طرف اس بات کی یقین دہانی بھی ہے کہ آپ کا فون کبھی کسی بڑے نقصان کی وجہ سے مرمت نہیں ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں