
نیوزی لینڈ کے سابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن آئی پی ایل اور پی ایس ایل ٹیمز کے ساتھ اہم ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے معروف کوچ اور سابق کیوی کرکٹر مائیک ہیسن کو پاکستان کا نیا وائٹ بال ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان تقرریوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ سابق نیوزی لینڈ کرکٹر اور تجربہ کار کوچ مائیک ہیسن 26 مئی سے پاکستان ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کی ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کے طور پر تقرری کا اعلان بھی کیا۔
پی سی بی کے مطابق، مائیک ہیسن کو متعدد درخواستوں کے جائزے کے بعد منتخب کیا گیا۔ ان کا بین الاقوامی تجربہ اور دباؤ میں پر سکون قیادت انہیں کوچنگ کے لیے بہترین انتخاب بناتا ہے۔
مائیک ہیسن نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں اور ان کا شمار دنیا کے اعلیٰ حکمت عملی ساز کوچز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے ڈائریکٹر آف کرکٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ حال ہی میں انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پی ایس ایل 9 کا ٹائٹل بھی جتوایا۔
چیئرمین محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ یہ تقرریاں کرکٹ کی ترقی اورکامیابی کا سبب بنیں گی۔