
معروف پاکستانی کوہ پیما ساجد علی سدپارہ نے ایک اور تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے دنیا کی ساتویں بلند ترین چوٹی دھولاگیری (8,167 میٹر) کو بغیر اضافی آکسیجن اور بغیر کسی پورٹر کی مدد کے کامیابی سے سر کر لیا ہے۔ یہ کارنامہ انہوں نے 10 مئی 2025 کو انجام دیا، جو اس سیزن میں اس چوٹی کی پہلی کامیاب مہم بھی ہے۔
ساجد سدپارہ نے 4 مئی کو نیپال میں اپنی مہم کا آغاز کیا اور 10 مئی کی صبح 9:35 پہ چوٹی پر پہنچ کر کامیابی حاصل کی۔
یہ ساجد سدپارہ کی نویں 8,000 میٹر سے بلند چوٹی ہے جو انہوں نے بغیر اضافی آکسیجن اور بغیر کسی مدد کے سر کی ہے۔ اس سے قبل وہ ایورسٹ، کے ٹو، نانگا پربت، براڈ پیک سمیت دیگر چوٹیاں بھی سر کر چکے ہیں۔
ساجد سدپارہ، معروف کوہ پیما محمد علی سدپارہ کے بیٹے ہیں، جو 2021 میں کے ٹو کی سرمائی مہم کے دوران جان بحق ہوئے تھے۔ ساجد نے اپنے والد کی میراث کو زندہ رکھتے ہوئے پاکستانی کوہ پیمائی کی دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔
الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری قرار حیدری نے ساجد کی کامیابی کو پاکستانی کوہ پیماؤں کی ہمت اور عزم کا مظہر قرار دیا ہے۔