
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ انڈیا اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے، جو امریکی ثالثی کے بعد ممکن ہوئی۔
امریکی صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اعلان کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ امریکہ کی رات بھر کی ثالثی کے بعد پاکستان اور انڈیا فوری اور مکمل جنگ بندی کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کامن سینس اور عظیم ذہانت کے استعمال پر دونوں ممالک کو مبارکباد دی۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے فوری طور پر نافذ العمل ہونے کا اعلان کیا۔ پاکستانی نائب وزیر اعظم نے جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ کیے بغیر خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششیں کی ہیں۔
بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان نے آج فائرنگ اور فوجی کارروائیوں کو روکنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت دہشت گردی کے خلاف سخت موقف برقرار رکھے گا۔
ایکس پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایکس پر اطلاع دیتے ہوئے کہا امریکی نائب صدر اور میں نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے اندر پاکستانی اور انڈین سیاسی اور عسکری قیادت سے بات چیت کی ہے اور مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان اور انڈیا نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ اگرچہ دونوں ممالک نے جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، تاہم خطے میں صورتحال اب بھی نازک ہے، اور مکمل امن کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔