
انڈیا اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی گئی ہے، جبکہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے باقی میچز کو دبئی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انڈیا میں انڈین کرکٹ بورڈ اور آئی پی ایل انتظامیہ کے درمیان ہنگامی اجلاس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ حالات میں لیگ جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔ سیکیورٹی خدشات اور خطے میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتِ حال کے باعث آئی پی ایل کو فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔
اس صورتحال کے دوران آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے متعدد کھلاڑی، جو آئی پی ایل میں شریک تھے، انڈیا چھوڑنے کا سوچ رہے تھے۔ کئی کھلاڑی انڈیا سے واپسی کے لیے آسٹریلیا یا دبئی جانے کے متبادل پر غور کر رہے تھے۔
انڈین میڈیا کے مطابق تمام بقیہ میچز منسوخ کر دیے گئے ہیں، اور لیگ کی بحالی کے لیے کوئی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔
آئی پی ایل کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کی کوشش بھی ناکام ہو گئی جب ایمریٹس کرکٹ بورڈ نے انڈیا کی درخواست یہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے مسترد کر دی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی پی ایس ایل کے میچز دبئی میں کرانے کی منظوری حاصل کر چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی قیادت میں 8 مئی کی شب تمام انتظامی اور لاجسٹک معاملات طے پا گئے، جس کے بعد باضابطہ طور پر اعلان کیا گیا کہ پی ایس ایل کے آخری آٹھ میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔
انڈین کرکٹ بورڈ اب ستمبر کے مہینے میں آئی پی ایل کی متبادل ونڈو تلاش کرنے میں مصروف ہے، تاہم اس صورت میں ایشیا کپ کے انعقاد میں پیچیدگیاں پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پی ایس ایل اور آئی پی ایل دونوں کے شیڈول میں تبدیلیوں سے نہ صرف خطے کی کرکٹ سرگرمیوں پر اثر پڑا ہے بلکہ مستقبل قریب میں بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے شیڈول پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ اگلے چند ہفتے دونوں لیگز کے مستقبل کے حوالے سے اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔