اوورسیزتازہ ترین

کینیڈا نے پاکستان اور انڈیا میں اپنے شہریوں کے لیے سفری ایڈوائزری جاری کر دی

انڈیا کی جانب سے پاکستان میں فضائی حملوں اور ایل او سی پر گولہ باری کے بعد کینیڈا نے سفری ایڈوائزری جاری کی۔

کینیڈا نے انڈیا اور پاکستان میں سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر اپنے شہریوں کو ان ممالک کا سفر کرتے وقت انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔

یہ ایڈوائزری انڈیا کی جانب سے پاکستان میں فضائی حملوں اور لائن آف کنٹرول پر گولہ باری کے بعد جاری کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد اموات بھی ہوئی ہیں۔

کینیڈین شہریوں کو پاکستان کے مختلف علاقوں، بشمول پاکستان کے زیر انتظام کشمیر، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور افغان سرحد سے متصل 50 کلومیٹر کے علاقے میں سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ کراچی میں بھی غیر ضروری سفر سے اجتناب کی سفارش کی گئی ہے۔ مزید برآں، پنجاب میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں۔

انڈیا کے لیے جاری کردہ انتباہ میں کینیڈین شہریوں کو جموں و کشمیر، اور پاکستان سے متصل ریاستوں گجرات، پنجاب اور راجستھان کے 10 کلومیٹر کے اندرونی علاقوں میں سفر سے مکمل گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، آسام اور منی پور میں بھی غیر ضروری سفر سے اجتناب کی سفارش کی گئی ہے۔ نئی دہلی اور اس کے گرد و نواح میں کینیڈا مخالف مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر، شہریوں کو محتاط رہنے اور ذاتی معلومات شیئر نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

کینیڈین حکام نے خبردار کیا ہے کہ دونوں ممالک میں سیکیورٹی صورتحال تیزی سے بگڑ سکتی ہے، جس کے باعث فضائی سفر میں خلل، انٹرنیٹ بندش، اور دیگر ہنگامی اقدامات متوقع ہیں۔ شہریوں کو مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے، میڈیا کے ذریعے حالات سے باخبر رہنے، اور ہنگامی صورت حال میں پناہ لینے کے لیے تیار رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

کینیڈین شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر سے قبل اور دوران کینیڈین حکومت کی ویب سائٹ پر جاری کردہ تازہ ترین سفری ہدایات سے باخبر رہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button