پاکستانتازہ ترینصحت

این ڈی ایم اے کی طرف سے اتوار تک کے لیے ہیٹ ویو الرٹ

پاکستان کے بیشتر علاقوں میں 22 سے 27 اپریل تک درجۂ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

پاکستان کے مختلف حصوں میں 22 سے 27 اپریل کے دوران شدید گرمی کی لہر کے باعث درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھنے کا امکان ہے، جس پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان اور سندھ کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھنے کا خدشہ ہے، جب کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی گرمی کی شدت محسوس کی جا سکتی ہے۔ بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے جو عارضی ریلیف فراہم کر سکتی ہے۔

متوقع درجہ حرارت اور خشک موسم کے باعث این ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو فوری ردعمل کی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، پانی کا استعمال بڑھائیں اور بچوں، بزرگوں و سانس کے مریضوں کو خصوصی طور پر محفوظ رکھا جائے۔

یہ گرمی کی لہر ایک ایسے وقت میں آ رہی ہے جب ملک پہلے ہی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث غیر متوقع اور شدید موسموں کی زد میں ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویوز کی بڑھتی ہوئی شدت موسمیاتی خطرات کی واضح علامت ہے، جس سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری ضروری ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گرمی سے متاثرہ علاقوں میں الرٹ رہیں اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر تمام ضروری انتظامات یقینی بنائیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button